12 اگست ، 2018
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے آنے سے کرکٹ میں بھی بہترین تبدیلی آئے گی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ عمران خان ٹاپ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں اور ان سے بہتر جج کوئی نہیں ہوسکتا، کرکٹ میں جو بھی تبدیلی لانی ہے وہ اس پر بہتر طریقے سے سوچیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمران خان کرکٹ کے لیے اچھی پالیسی بنائیں گے کیونکہ وہ ہمیشہ سے ہی کہتے ہیں کہ ٹیمیں کم کرو، کرکٹ کا معیار اور فرسٹ کلاس کرکٹ گراؤنڈز بہتر بناؤ اور اسٹیڈیم کی دیکھ بھال رکھو۔
گفتگو کے دوران وقار یونس نے بتایا کہ ہم تمام کرکٹرز نے عمران خان سے ملاقات کی جو کہ ہماری ذمہ داری تھی، ہم نے مل کر ان کی حوصلہ افزائی کی اور بہت سے معاملات پر بات چیت بھی کی جو کہ مثبت نشانی ہے۔
الیکشن 2018 میں پی ٹی آئی کی کامیابی کے حوالے سے وقار یونس کا کہنا تھا کہ میرا ماننا ہے کہ تبدیلی اچھی ہوتی ہے اور جو تبدیلی پاکستان میں آئی ہے وہ اچھی ثابت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا، 'مجھے یقین ہے کہ عمران خان اور ان کی ٹیم مل کر ملک کے لیے کام کرے گی'۔