15 اگست ، 2018
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نالے میں بننے والی گیس سے چائے بنانے کا انوکھا فارمولا دے دیا۔
بھارتی وزیر اعظم چائے والی سفارتکاری کے باعث شہرت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ بھارت کا دورہ کرنے والے دوسرے ملکوں کے وزرائے اعظم کو اپنے ہاتھوں سے چائے بناکر پلاتے ہیں۔
مودی کے حوالے سے یہ بھی مشہور ہے کہ ماضی میں ان کا ذریعہ معاش چائے کا اسٹال ہی رہا ہے لیکن اب انہوں نے چائے بنانے کا انوکھا فارمولا دے کر سب کو حیران کردیا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نے ایک تقریب میں خطاب کے دوران ٹیکنالوجی کی افادیت بتاتے ہوئے گندے نالے سے چائے بنانے کا انوکھا فارمولا بتا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کسی چھوٹے سے گاؤں میں نالے کے پاس چائے کا ٹھیلا لے کر کھڑا رہتا تھا اور گندی نالی میں پائپ ڈال کر اس میں بننے والی گیس سے چائے بناکر فروخت کرتا تھا۔
بھارتی وزیر اعظم کے فارمولے پر جہاں تقریب میں بیٹھے لوگ محظوظ ہوئے تو وہیں سوشل میڈیا پر بھی ان کا انوکھا فارمولا ’سے اِٹ لائک سائنٹسٹ مودی‘ کے نام سے ٹاپ ٹرینڈ رہا۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی وزیر اعظم کو آڑے ہاتھوں لیا اور خوب مذاق بھی اڑایا۔
ایک ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا کہ وہ سی این جی اور پی این جی کے بعد ’گٹر پیٹرولیم گیس (جی پی جی)‘ دریافت کرنے پر مودی کے شکر گزار ہیں۔
ایک اور خاتون صارف نے نریندر مودی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جیو یونیورسٹی نے مودی کو گٹر گیس دریافت کرنے پر سال کا بہترین اسٹوڈنٹ قرار دیا ہے۔