16 اگست ، 2018
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہناہےکہ پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ کو وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار پر اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا۔
اسلام آبادمیں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ کو وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار پر اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھاکہ (ن) لیگ نے امیدوار نہ بدلا تو پیپلز پارٹی اپنا فیصلہ کرے گی۔
رانا ثناءاللہ کی گفتگو
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے مؤقف بدلاہے اس کا جواب وہ دے سکتے ہیں، پیپلز پارٹی نے خورشید شاہ کو ہماری مشاورت سے نامزد تو نہیں کیا، کسی جماعت کو حق دیتے ہیں تو یہ نہیں کہتے فلاں کونامزد کریں فلاں کونہیں، امیدوار کو نامزد کرنا جماعت کی اپنی صوابدید تھی۔
(ن) لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی نامزدگی مسلم لیگ (ن) کی صوابدید تھی، اعتراض یہ نظر آتا ہے کہ زرداری صاحب کی کچھ مجبوریاں ہیں، آصف زرداری کوئی رعایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں توہمیں اعتراض نہیں۔