Time 17 اگست ، 2018
پاکستان

عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے سردار عثمان بزدار کے نام کی منظوری دیدی

عثمان بزدار پی پی 286 ڈیرہ غازی خان 2 سے ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ فوٹو: فائل/ فیس بک

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے سردار عثمان بزدار کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔

عمران خان نے سوشل میڈیا کے ذریعے سردار عثمان کو وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سردار عثمان پنجاب کے اس علاقے سے ہے جو سب سے پسیماندہ ہے، وہاں نہ لوگوں کے پاس پینے کا صاف پانی ہے، نہ بجلی ہے اور نہ ہی اسپتال ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ لوگ اس علاقے میں ایسے رہ ہیں جیسے پرانے زمانے میں رہ رہے ہیں، سردار عثمان جانتا ہے کہ پسیماندہ علاقے میں لوگ کیسے رہے ہیں، اس ملک کا غریب آدمی کیسے رہتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ سردار عثمان جب وزیراعلیٰ بنیں گے تو انہیں پتہ ہو گا کہ اس ملک کے پسیماندہ علاقوں میں لوگوں پر کیا گزرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سردار عثمان وہ واحد ایم پی اے ہے جس کے گھر میں بجلی نہیں ہے، مجھے یقین ہے کہ ایماندار وزیراعلیٰ صوبے کے لیے زبردست کام کرے گا اور ہمارے وژن پر بھی پورا اترے گا۔

عثمان بزدار نے 2013 کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر حصہ لیا تھا، تاہم کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔

بعدازاں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے وابستگی کے بعد وہ پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں وہ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 286 ڈیرہ غازی خان 2 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 27 ہزار 27 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان کی تحصیل ٹرائبل ایریا کے ناظم بھی رہ چکے ہیں۔

عثمان بزدار کا خاندانی پس منظر

سردار عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے بارتھی سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ قبائلی سردار فتح محمد خان بزدار کے بڑے صاحبزادے ہیں۔

سردار فتح محمد خان نے 1964 میں جامعہ کراچی سے سیاسیات میں ایم اے کیا اور آپ بزدار قبیلے کے سربراہ ہیں۔ سردار فتح محمد خان 84-1983 میں ڈسٹرکٹ کونسل ڈیرہ غازی خان کی مجلش شوریٰ کے ممبر بھی رہ چکے ہیں اور وہ 88-1985، 07-2007 اور 13-2008 تک پنجاب اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔


مزید خبریں :