Time 20 اگست ، 2018
پاکستان

گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر پاکستان کا ہالینڈ سے شدید احتجاج

ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کرانے پر شدید احتجاج کیا گیا اور ہالینڈ کے ناظم الامور کو طلب کرکے اسلام کو بدنام کرنے کی دانستہ کوشش پر پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا گیا، دفتر خارجہ— فوٹو: فائل

ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے معاملے پر پاکستان نے ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کرانے پر شدید احتجاج کیا گیا اور ہالینڈ کے ناظم الامور کو طلب کرکے اسلام کو بدنام کرنے کی دانستہ کوشش پر پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی اس حوالے سے شدید مذمت کی گئی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے کی شدید مذمت کی گئی۔ دی ہیگ میں موجود پاکستان کے سفیر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ او آئی سی کے رکن ممالک کے سفیروں کے ساتھ مل کر ڈچ حکومت کے سامنے بھرپور طریقے سے یہ معاملہ اٹھائیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کو بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ یہ معاملہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور دیگر متعلقہ فورمز پر اٹھائیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق او آئی سی کے کونسل آف فارن منسٹرز کے آئندہ اجلاس میں بھی اس معاملے پر بحث کی جائے گی جو ستمبر میں ہونے والی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران منعقد ہوگی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے اور اجلاس میں یہ معاملہ اٹھائیں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان اس معاملے پر ڈچ حکومت کے ساتھ پرزور طریقے سے بات چیت جاری رکھے گی اور ایسے عمل کی روک تھام کے لیے متعلقہ بین الاقوامی فورم پر اٹھایا جائے گا۔

مزید خبریں :