شیخ رشید کے رویے پر ریلوے کے اعلیٰ افسر کی 2 سال کی چھٹی کی درخواست

وزیر ریلوے کا رویہ نان پروفیشنل اور غیر مہذب ہے لہذا ان کے ماتحت کام کرنا ممکن نہیں، اعلیٰ افسر کا درخواست میں مؤقف — فوٹو: شیخ رشید ٹوئٹر اکاؤنٹ 

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے رویے پر ریلوے کے چیف کمرشل منیجر حنیف گل نے 2 سال کی رخصت مانگ لی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران چیف کمرشل منیجر حنیف گل کے درمیان اختلافات سامنے آئے ہیں۔

چیف کمرشل منیجر حنیف گل نے وفاقی وزیر کے ناروا رویے پر چیئرمین ریلوے کو 2 سال کے لیے چھٹی کی درخواست دے دی ہے۔ 

اعلیٰ افسر نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ وزیر ریلوے کا رویہ نان پروفیشنل اور غیر مہذب ہے لہذا ان کے ماتحت کام کرنا ممکن نہیں۔

درخواست میں تحریر ہے کہ وفاقی وزیر اپنے ویژن کے مطابق ٹیم بنانے کے مجاز ہیں لہذا انہیں 2 سال کی رخصت دی جائے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ریلوے افسران نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ سال ریلوے کی آمدن میں خاصا اضافہ ہوا جس پر وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ میرے سامنے کسی وزیر کی تعریف نہ کیا کریں اور مجھے رضیہ بٹ کے قصے نہ سنائیں۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید وزارت سنبھالنے کے بعد سے ہی سابقہ دور کے وزیر خواجہ سعد رفیق کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

مزید خبریں :