28 اگست ، 2018
اسلام آباد: پاکستان نے گستاخانہ مواد پر اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو اس حوالے سے خط لکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے او آئی سی کو فوری اجلاس بلایا جائے تاکہ تنازع پر او آئی سی کا موقف سامنے آسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی سے کہا ہے کہ جدہ میں ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا او آئی سی کے 6 اراکین سے رابطہ ہوچکا ہے جن سے ہم نے تنازع پر بات کی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیوز کانفرنس سے خطاب سے کچھ دیر قبل ترکی کے وزیر خارجہ سے بھی اس معاملے پر بات ہوئی، جنہوں نے پاکستان کے موقف کی تائید کی۔
وزیر خارجہ نے کہ گزشتہ روز وزیراعظم سینیٹ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف تشریف لائے اور متفقہ قرارداد بھی کل منظور کی گئی، اقلیتی سینیٹرز نے بھی ہمارے مؤقف کی حمایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ نیویارک میں کونسل آف فارن منسٹرزکے فورم پربھی معاملہ اُٹھاؤں گا، گستاخانہ مواد کےمعاملے پر ہر فورم سے رجوع کیا۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ گستاخانہ مواد کے خلاف اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے بھی رجوع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہالینڈ کے وزیر خارجہ سے بات کرکے بھی پاکستان کے جذبات سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہالینڈ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ گستاخانہ مواد سے ہماری حکومت کا تعلق نہیں، یہ ایک انفرادی فعل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہالینڈ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اظہار آزادی رائے کے باعث وہ کچھ نہیں کر سکتے، ایک فرد کی اس حرکت پر قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا ہے اس مسئلے پریک زباں ہوکرہی صحیح طریقے سے موقف اپنایا جاسکتا ہے، میں تمام علما ومشائخ کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم ان کے جذبات سے آگاہ ہیں۔