02 ستمبر ، 2018
سوشل میڈیا پر اکثر مشہور شخصیات کے مشابہ چہروں کے چرچے ہوتے رہتے ہیں ایسے میں ایک پاکستانی مداح بھارتی فلم ساز و ہدایت کار کرن جوہر سے اتنی مماثلت رکھتے ہیں کہ خود کرن جوہر بھی ان کی تصویر دیکھ کر حیران رہ گئے۔
حال ہی میں کرن جوہر نے میوزک کے حوالے سے ایک ٹوئٹ شیئر کی تھی جس پر ایک پاکستانی مداح عثمان خان نے تبصرہ کرتے ہوئے اپنی تصویر شیئر کی اور کرن جوہر سے پوچھا کہ ’لوگ کہتے ہیں میں آپ سے ملتا ہوں، کیا ایسا ہے‘؟
جس کے جواب میں کرن جوہر کا کہنا تھا کہ ’کچھ ٹوئٹس مجھے کچھ کہنے سے بے زبان کردیتی ہیں اور یہ اُن میں سے ایک ہے‘۔
بعد ازاں یہ ٹوئٹ وائرل ہوگئی اور اس پر مداحوں کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی شروع ہوگئے۔
کرن جوہر بھارتی ٹی وی چینل کے پروگرام 'کافی ود کرن' کے میزبان بھی ہیں، اسی حوالے سے گٹار بالی وڈ نامی ایک پیج کی جانب سے کہا گیا کہ یہ تو ’کاپی ود کرن‘ ہے۔
بابو بھیا نامی ٹوئٹر صارف نے مشورہ دیا کہ ’سر اپنی بایوپک بنائیں اور اس میں مرکزی کردار میں انہیں لے لیں‘۔
جیانتھ کرشنان نامی مداح نے لکھا، ’لڑکے تم بہت ملتے ہو، کرن جوہر کا آئینہ ہو‘۔
جب کہ ایک صارف نے تو انہیں ’ڈپلیکیٹ‘ قرار دے دیا۔