پاکستان
Time 07 ستمبر ، 2018

عاطف میاں اقتصادی مشاورتی کونسل سے مستعفی


اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے اقتصادی مشاورتی کونسل میں ماہر اقتصادیات عاطف میاں کی نامزدگی واپس لینے کے فیصلے کے بعد عاطف میاں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت نے عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کونسل سے نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت علما اور تمام معاشرتی طبقات کو ساتھ لے کر ہی آگے بڑھنا چاہتی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر ایک نامزدگی سے مختلف تاثر پیدا ہوتا ہے تو یہ مناسب نہیں۔





وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ریاست مدینہ عمران خان کی آئیڈیل ہے ، وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے اراکین عاشقان رسولﷺ ہیں، ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور حال ہی میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر حکومت نے جو کامیابی حاصل کی وہ بھی اسی نسبت کا اظہار ہے۔

بعد ازاں تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی عاطف میاں سے متعلق سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کیا اور کہا کہ عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کونسل سے مستعفیٰ ہونے کا کہا گیا جس پر وہ رضا مند ہوگئے ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید نے مزید کہا کہ عاطف میاں کے متبادل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

عاطف میاں کا مستعفی ہونے کا اعلان

ڈاکٹر عاطف میاں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اقتصادی مشاورتی کونسل سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور لکھا کہ وہ پاکستان سے بے پناہ محب کرتے ہیں اور ہمیشہ اس کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔

عاطف میاں نے لکھا کہ ان کی دعا ہے کہ اقتصادی مشاورتی کونسل اپنے مینڈیٹ کے مطابق بھرپور کام کرے تاکہ پاکستانی قوم آگے بڑھ سکے۔

یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے ماہر اقتصادیات عاطف میاں کو اقتصادی مشاورت کونسل میں شامل کیا گیا تھا جس پر بعض سیاسی جماعتوں اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی۔

مزید خبریں :