07 ستمبر ، 2018
وفاقی حکومت نے تین صوبوں کے انسپکٹر جنرل پولیس کو تبدیل کر دیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صلاح الدین محسود کو آئی جی خیبرپختونخوا تعینات کر دیا گیا جب کہ کلیم امام کو آئی جی سندھ مقرر کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق محمد طاہر کو سربراہ پنجاب پولیس مقرر کر دیا گیا ہے جب کہ آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ صلاح الدین محسود اس سے قبل بھی آئی جی خیبر پختونخوا پولیس کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں جب کہ کلیم امام آئی جی پنجاب رہ چکے ہیں اور انہیں اب سندھ پولیس کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔
محمد طاہر اس وقت خیبر پختونخوا پولیس کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔