23 ستمبر ، 2018
لاہور : وزیراعظم عمران خان نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران نئے بلدیاتی نظام کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا پنجاب کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزرا کے لیے کوئی چھٹی نہیں ہے، وزرا ہفتے میں 7 روز کام کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلعی زکوۃ کمیٹیوں کو فعال کیا جائے اور زکوۃ تقسیم کے نظام میں شفافیت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ آفس میں عوام کے لئے شکایتی سیل بنایا جائے اور مسائل کے حل کے لیے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر ان کا حل تجویز کیا جائے۔
عمران خان نے وزرا کو ہدایت کی کہ عوام کو بتائیں کہ حکومتی ادارے کیسے قرض میں ڈوبے ہوئے ہیں اور ان کے پیسے پر حکمران کیسے شاہانہ زندگیاں گزارتے تھے، گزشتہ 10 برسوں کی ایک ایک چیز عوام کے سامنے لائی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جتنی عمارتوں میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہوئے ہیں ان کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ حقیقی تبدیلی تب آئے گی جب نچلی سطح پر اختیارات کو منتقل کرکے عوام کو بااختیار بنایا جائے گا۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بلدیاتی نظام سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت پارٹی کے سینئرز عہدیداروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ اختیارات کونچلی سطح تک منتقل کرنا پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اہم ایجنڈا ہے، عوام کو صحیح معنوں میں بااختیار بنانا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یہ بات یقینی بنائی جائے گی کہ عوام اپنے منتخب نمائندوں کا مؤثر احتساب کریں اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور لوکل باڈیز نظام سے نئی لیڈرشپ اوپر آنے میں مدد ملے گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پارلیمنٹرینز کی توجہ قانون سازی پر کم اور فنڈز کے حصول پر زیادہ رہی، نئے بلدیاتی نظام کا مقصد اسٹیٹس کو کو توڑنا ہے، ایسا بلدیاتی نظام لایا جائے گاجس میں عوامی نمائندوں کوبلیک میل نہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسانظام دیںگے کہ بلدیاتی نمائندے اپنی پوری توجہ عوام کی فلاح پر مرکوز کر سکیں۔
اس سے قبل وزیراعظم ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے تو ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر بلدیات علیم خان نے انہیں حکومت کے 100 روزہ پلان اور نئے بلدیاتی نظام پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر بلدیات نے تمام محکموں کی 100 روزہ پلان پر ترجیحاتی ایجنڈے پر وزیراعظم کو بریفنگ دی جب کہ نئے بلدیاتی نظام کے مسودے کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
قومی کمیشن برائے پولیس اصطلاحات کے سربراہ ناصر خان درانی بھی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان اپنی سیاسی ٹیم کے ساتھ ضمنی الیکشن کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔