نانا پاٹیکر نے فلم کی شوٹنگ کے دوران ہراساں کیا، اداکارہ تنوشری دتہ کا انکشاف

بھارتی اداکارہ تنوشری دتہ کا کہنا ہے کہ نانا پاٹیکر دیگر اداکاراؤں کو بھی ہراساں کر چکے ہیں—. فائل فوٹو

بالی وڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے انکشاف کیا ہے کہ اداکار نانا پاٹیکر نے انہیں ماضی میں ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔

اداکارہ نے بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وہ 2008 میں ایک فلم کی شوٹنگ پر موجود تھیں جس میں نانا پاٹیکر بھی شامل تھے۔

انہوں نے بتایا، ’میں نام لے کر بتانا چاہتی ہوں کہ نانا پاٹیکر فلم کی شوٹنگ کے پہلے ہی دن میرے ساتھ غلط طرح سے پیش آئے تھے، یہاں تک کہ میرے سولو گانے کی شوٹنگ کے وقت بھی انہوں نے ساتھ ڈانس کرنے کی شرط رکھی‘۔

تنوشری دتہ نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ نانا پاٹیکر نے زور زبردستی کرکے ان کے ساتھ ڈانس کیا جس کی شکایت انہوں نے فلم کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر سے بھی کی لیکن دونوں نے کان نہیں دھرے۔

اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ نانا پاٹیکر دیگر اداکاراؤں کو بھی ہراساں کر چکے ہیں اور ان کے ساتھ غیر اخلاقی طریقے سے بھی پیش آچکے ہیں۔

تنوشری دتہ کا کہنا تھا کہ نانا پاٹیکر کی حقیقت سے ہر کوئی واقف ہے لیکن کسی کی اتنی ہمت نہیں کہ وہ ان کی سچائی سب کے سامنے لائے، وہ جب بھی کسی نئی اداکارہ کو دیکھ لیتے ہیں تو پھر اخلاقیات کے دائرے کو بھول جاتے ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ 'می ٹو مہم' کبھی بالی وڈ نہیں پہنچ سکتی، کیونکہ یہاں اداکاراؤں کو جنسی طور پر ہراساں کیا جاتا ہے۔



مزید خبریں :