وزیراعظم نے شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی مقررکرنے سے روک دیا

عمران خان نے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے سے متعلق سینئر رہنماؤں کے تحفظات سے اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان سے اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی ملاقات کی اندرونی کہانی کا جیو نیوز نے پتا لگا لیا ہے۔

وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین شہباز شریف کو مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا ۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پی اے سی کی چیئرمین شپ کے لیے اپوزیشن رہنماؤں کی آرا سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا۔

اسپیکر نے سیاسی و جمہوری روایت کے مطابق اپوزیشن لیڈر کے چیئرمین پی اےسی ہونے سے متعلق بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے بھی شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے سے متعلق سینئر رہنماؤں کے تحفظات سے اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے ملاقات میں جمہوری تسلسل اور اپوزیشن سے تعلقات کو بہتر بنانے پر زور دیا اور بعض وزراء کے ایوان میں رویے پر اپنے تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر اسد قیصر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نام کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہ ہو سکا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کے بارے میں عملی قدم اٹھانے سے روک دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی اے سی کے بارے میں حتمی فیصلہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وطن واپسی تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی واپسی پر تحریک انصاف کی پی اے سی نامزدگی کمیٹی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی اور پھر وزیراعظم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں چیئرمین پی اے سی کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔

مزید خبریں :