Time 04 اکتوبر ، 2018
پاکستان

اوگرا نے بالآخر گیس 10 فیصد سے 143 فیصد تک مہنگی کردی

 گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 27 ستمبر سے ہو گا، نوٹیفکیشن

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے گھریلو صارفین کیلئے گیس 10 فیصد سے 143 فیصد تک مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

 ملک بھر میں گیس کے گھریلو صارفین کی مجموعی تعداد 93 لاکھ 63 ہزار ہے جن کے لیے اب گیس کی قیمت 10 سے 143فیصد تک بڑھا دی گئی ۔

گھریلو صارفین کے لیے سلیب بھی 3 سے بڑھا کر 7 کر دیے گئے، پہلا سلیب ہو گا ماہانہ 50 مکعب میٹر تک جس کیلئے فی یونٹ گیس کی قیمت 10 فیصد بڑھائی گئی ہے۔ ملک بھر میں اتنی گیس استعمال کرنے والے صارفین  38 فیصد ہیں اور ان کے بل میں 23 روپے ماہانہ اضافہ ہوگا جو 252 روپے سے بڑھ کر 275روپے ہو جائے گا۔

دوسرا سلیب ماہانہ 100مکعب میٹر تک گیس استعمال کا ہے جس میں فی یونٹ 15فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ایسے صارفین 28فیصد ہیں، پہلے ان کا بل بنتا تھا 480 روپے اور اب بل آئے گا 71 روپےاضافے کے بعد 551 روپے۔

تیسرا سلیب ہے 200مکعب میٹر تک جس میں فی یونٹ اضافہ 20 فیصد کیا گیا ہے ملک میں ایسے صارفین 19فیصد ہیں۔

چوتھا سلیب ماہانہ 300مکعب میٹر تک ہے جس میں فی یونٹ 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، پانچواں سلیب ماہانہ 400مکعب میٹر تک کا ہے اور ایسے صارفین کے لیے فی یونٹ گیس 30فیصد مہنگی ہوئی ہے۔

چھٹا سلیب ماہانہ 500 معب میٹر تک کا ہے اور ایسے صارفین کیلئے گیس 143فیصد مہنگی ہوئی ہے ۔

ساتواں اور آخری سلیب 500مکعب میٹر سے زیادہ گیس استعمال کرنے والوں کا ہے  اس کے لیے بھی فی یونٹ گیس 143 فیصد مہنگی کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ سیمنٹ کارخانوں کیلئے بھی گیس 30 فیصد مہنگی کر دی گئی ہے۔ کمرشل سیکٹر ، جنرل انڈسٹری کیپٹو پاور اور کھاد کارخانوں کیلئے  گیس کی بطور ایندھن قیمت میں 40 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

کھاد کارخانوں کیلئےگیس کی قیمت میں بطور خام مال 50فیصد اور بجلی کارخانوں کیلئے بھی گیس کی قیمت 57 فیصد بڑھا دی گئی ہے۔

تنوروں کے لیے گیس کی قیمت میں گھریلو صارفین کے برابر ہی اضافہ کیا گیا ہے۔ 

اوگرا نے سی این جی سیکٹر کے لیے بھی گیس 40 فیصد فی یونٹ مہنگی کر دی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 27 ستمبر سے ہو گا۔

چیئرمین سی این جی ایسو سی ایشن غیاث پراچہ نے اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمت میں اضافے کو عوام کے ساتھ زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنے فیصلے پرنظرثانی کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی گیس کی قیمتوں سے سی این جی کی قیمت میں 15 روپے فی کلو تک اضافہ متوقع ہے۔

مزید خبریں :