شہریارآفریدی کی شاہ خرچیاں، وزیربنتے ہی گھر کی مرمت پرلاکھوں روپے لگا دیئے

وزیر مملکت نے پٹواریوں اور دیگر افسران کے خرچ پر گھر کی ٹائلیں ، پردے ، فرنیچر ، اے سی ، ایل سی ڈی اور کچن الیکٹرانکس تبدیل کرادیئے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے وزیر بنتے ہی اپنے گھر کی تزئین و آرائش پر لاکھوں روپے لگا دیئے۔

وزیر مملکت منسٹرز کالونی شفٹ ہوئے تو سب سے پہلے اپنے گھر سے تبدیلی کا آغاز کیا اور گھر کی ٹائلیں، پردے، فرنیچر، اے سی، ایل سی ڈی اور کچن الیکٹرانکس سامان تبدیل کروا دیئے۔

سرکاری رہائش گاہ میں تبدیلی لانے کے اس سارے کام کے دوران لاکھوں روپے کی ادائیگی کے لیے چیف کمشنر اسلام آباد جودت ایاز کو حکم دیا گیا جنہوں نے محکمہ مال کے پٹواریوں اور دوسرے افسران سے ادائیگیاں کروائیں۔

— فوٹو: جیو نیوز

ضلعی انتظامیہ کے افسران جو نگران سیٹ اپ میں اسلام آباد تعینات ہوئے تھے، وہ کام کی ازخود نگرانی بھی کرتے رہے اور وزیر مملکت کی قربت بھی حاصل کی۔

ذرائع کے مطابق تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لے لیا اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

— فوٹو: جیو نیوز

ایڈیشنل ڈائیریکٹر جنرل ایف آئی اے بشارت شہزاد معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں جنہوں نے اس ضمن میں دو بیانات بھی ریکارڈ کر لیے ہیں۔

دوسری جانب خبر کی اشاعت کے بعد وزیر مملکت نے مؤقف اپنایا کہ ان کے گھر صرف 4 لاکھ روپے کا کام ہوا ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اگر ثابت ہو گیا تو وزیر اعظم عمران خان وزیر مملکت اور متعلقہ افسران کے خلاف سخت کاروائی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مزید خبریں :