15 اکتوبر ، 2018
لکھنؤ: بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ناتھ نے تاریخی شہر الہ آباد کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے ہندو انتہا پسند وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کا کہنا ہے کہ الہ آباد کا نام تبدیل کرکے 'پرایاگرج' رکھیں گے اور اگر اتفاق رائے حاصل ہو گیا تو جلد نام کو تبدیل کر دیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی وزیر اعلیٰ کنبھ کے میلے سے پہلے الہ آباد کا نام تبدیل کرنا چاہتے ہیں جب کہ کنبھ میلہ رواں سال 30 نومبر سے شروع ہونے کا امکان ہے جس کا افتتاح بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔
کنبھ میلہ تین دریاؤں گنگا، جمنا اور سرسوتی کے سنگم پر ہوتا ہے اور سرسوتی ایک تصوارتی دریا ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اس سنگم پر گنگا اور جمنا کے ساتھ ملتا ہے۔
ہندوؤں کا ایمان ہے کہ ان دریاؤں کے سنگم پر نہانے سے ان کے گناہ دھُل جاتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ دیوتاؤں اور بدی کی قوتوں کے درمیان آسمانوں میں مقدس پانی کے ایک برتن کے لیے لڑائی ہوئی تھی اور الہ آباد ان چار شہروں میں سے ایک ہے جہاں اس لڑائی کے دوران برتن میں سے مقدس پانی کے قطرے گرے تھے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کے نام بدلنے کے اعلان پر اپوزیشن جماعت کانگریس نے شدید احتجاج کیا ہے۔
کانگریس کے مقامی ترجمان کے مطابق تہذیبی اور تاریخی اعتبار سے مشہور الہ آباد شہر کا نام بدلنے سے اس کی پہچان متاثر ہو سکتی ہے جس کا اثر تعلیمی و معاشی سرگرمیوں پر بھی پڑے گا۔