Time 16 اکتوبر ، 2018
کھیل

پی سی بی کا نئی ایگزیکٹیو کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لانے کے لئے ایک ٹاسک فورس بھی قائم کی ہے — فوٹو:فائل 

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بورڈ آف گورنرز کے اراکین پر مشتمل نئی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے سربراہ چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی ہوں گے۔

اس سے قبل جب شہر یار خان چیئرمین تھے، اس وقت نجم سیٹھی چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی تھے تاہم ان کے چیئرمین بننے کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی ختم کردی گئی تھی۔

ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ایک سرکولر کے ذریعے ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس سے متعلق بورڈ آف گورنرز کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

ایگزیکٹو کمیٹی میں احسان مانی کے علاوہ لیفٹنٹ جنرل(ر)جاوید ضیاء، اسد علی خان، مراد اسماعیل، (اراکین بورڈ آف گورنرز)، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور چیف فنانشل آفیسر بدر منظور شامل ہیں۔

دریں اثناء پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لانے کیلئے ایک ٹاسک فورس بھی بنائی ہے اور اس کمیٹی کے سربراہ چیئرمین واپڈا لیفٹنٹ جنرل(ر) مزمل حسین ہیں جب کہ دیگر ارکان میں ڈائریکٹرز ہارون رشید ،مدثر نذر، شاہ ریز روکڑی، ثاقب عرفان اور عثمان واہلہ شامل ہیں۔

 چیئرمین واپڈا بھی بورڈ آف گورنرز کے رکن ہیں اور ایگزیکٹو کمیٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو پرکشش بنانے اور اس میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرے گی۔

دوسری جانب عثمان واہلہ کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ہٹاکر پاکستان سپر لیگ میں کرکٹ آپریشنز کا سربراہ بنایا گیا ہے۔

مزید خبریں :