پاکستان
Time 28 اکتوبر ، 2018

پی ایس پی رہنماؤں کے عشرت العباد سے نئی پارٹی کیلئے صلح مشورے


دبئی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے نئی پارٹی کیلئے صلح مشورے کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے متعدد رہنماؤں نے سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقاتیں کی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس پی رہنماؤں نے ڈاکٹر عشرت العباد سے نئی پارٹی کیلئے صلح مشورے کیے ہیں اور ڈاکٹر عشرت العباد کی قیادت میں مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر غور کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے بہتری کیلئے نئی پارٹی بنانے پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عشرت العباد نے نئی پارٹی بنانے کی حامی بھرلی ہے تاہم پارٹی کے نام کا نہیں بتایا جارہا جب کہ پی ایس پی کے ایک رہنما نے سابق گورنر سے رابطوں اور نئی پارٹی کے قیام سے متلعق امور کی تصدیق کی ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ انیس ایڈوکیٹ، رضاہارون، ڈاکٹرصغیر، وسیم آفتاب، سلیم تاجک اور شکیل عمر نے الیکشن میں ناکامی پر پارٹی سے راہیں الگ کرلیں ہیں۔

ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات پارٹی قیادت کی اجازت سے کی، انیس ایڈوکیٹ

دوسری جانب ڈاکٹر عشرت العباد سے پی ایس پی رہنماؤں کی ملاقات پر سینیئر وائس چیئرمین انیس ایڈووکیٹ نے ردعمل میں کہا ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد کے ساتھ 35 سال اکٹھے کام کیا ہے اور ان سے اختلافات دور کرنے کیلئے ملاقات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عشرت العباد کے ساتھ ملاقات میں ماضی کے کچھ اختلافات دور کیے ہیں لہٰذا نئی پارٹی کے قیام کی خبریں بے بنیاد ہیں اور ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات پارٹی قیادت کی اجازت سے کی۔

مزید خبریں :