01 نومبر ، 2018
کراچی/ لاہور/ اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو بری کیے جانے کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے ہونے والے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور ملک کے مختلف شہروں میں سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
ملک کے بڑے شہروں میں کن کن مقامات پر سڑکیں بند ہیں، اس کی تفصیلات ذیل میں دی جارہی ہیں۔
کراچی
کراچی میں صبح سے ہی 23 مقامات پر جاری دھرنوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
ضلع شرقی میں نمائش اور اسٹار گیٹ کے مقام پر سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک بلاک ہے۔
ضلع جنوبی میں ٹاور، تین تلوار، رنچھوڑ لائن اور شو مارکیٹ پر سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک بلاک ہے۔
حب ریور روڈ بلدیہ، ماڑی پور روڈ، سہراب گوٹھ، اورنگی ٹاؤن نمبر5 اور کورنگی روڈ پر بھی سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک بند ہے۔
پاور ہاؤس چورنگی، ناگن چورنگی اور تین ہٹی پر گزشتہ روز سے سڑکیں بند اور ٹریفک بلاک ہے۔
دوسری جانب ٹاور، ماڑی پور اور ایم ٹی خان روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے اور مولوی تمیز الدین خان روڈ کا ایک ٹریک ٹریفک کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔
اسلام آباد
اسلام آباد میں فیض آباد انٹرچینج ، ڈھوک کالا خان، کرال چوک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
جبکہ ترامڑی چوک کو ٹرک کھڑے کر کے بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد سے راولپنڈی جانے کے لیے اہم راستہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
لاہور
مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے باعث لاہور میں پانچ مقامات پر راستے بند ہیں۔
لاہور میں ایئرپورٹ کو جانے والے راستے بند ہونے سے اندرون ملک اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
عسکری 10 اور بھٹہ چوک سے ایئرپورٹ تک جانے والے راستے بھی بند ہیں۔
مسافروں کی جانب سے ایئرپورٹ کے راستے کھلوانے کی اپیل کی گئی تاہم پولیس اور انتظامیہ ایئرپورٹ کے راستے کھلوانے میں ناکام ہے۔
اس کے علاوہ مال روڈ پر چیئرنگ کراس، داتا دربار اور شاہدرہ میں بھی ٹریفک بلاک ہے۔
دوسری جانب ملتان روڈ پر موہلنوال، چوہنگ اور سندر میں بھی راستے بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
پشاور
پشاور میں رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ پر پیر زکوڑی پل ٹریفک کے لیے بند ہے۔
دوسری جانب موٹروے جانے والے راستے بھی بند ہیں۔
ٹرینیں اور موٹرویز
ملک بھر میں ٹرینوں کی آمد و رفت کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا، کراچی اور لاہور کے درمیان ٹرینیں کئی کئی گھنٹےکی تاخیر کا شکار ہیں۔ ریلوے حکام نے 30 گھنٹے بعد لاہور اور راولپنڈی کے درمیان ٹرین سروس متبادل راستوں سے چلانا شروع کر دی جس کے مسافر کھڑکیوں میں بھی لٹک گئے۔
ریلویز انکوائری کے مطابق رات 10 بجے پشاور سے کراچی جانے والی خیبر میل روانہ نہ ہوسکی جبکہ صبح 8:30 بجے کراچی کیلئے روانہ ہونے والی عوامی ایکسپریس بھی نہ جاسکی۔
حکام کا کہنا ہے کہ تاحال ٹرین چلنے کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا تاحکم ثانی ٹرینیں پشاور کینٹ ریلوے اسٹیشن پر رکی رہیں گی۔
اسی طرح امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر موٹر وے کو پشاور ٹول پلازہ پر بھی بند کیا گیا ہے، جب کہ چارسدہ اور دیگر ٹول پلازوں پر بھی موٹر وے بند ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر ٹیکسلا،گجر خان، سوہاوہ، دینہ، گجرات، سرائے عالمگیر، کامونکی، مرید کے، سادھوکی، پکامیل، چونگ، لوہاراں والا کھو پر ٹریفک بلاک ہے۔