Time 03 نومبر ، 2018
پاکستان

امل قتل کیس میں گرفتار ملزم خالد پر فرد جرم عائد

10 سالہ امل 13 اگست کو ڈیفنس کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی تھی—۔فائل فوٹو

کراچی: امل قتل کیس میں گرفتار ملزم خالد پر 2 مقدمات میں فرد جرم عائد کردی گئی۔

یاد رہے کہ رواں برس 13 اگست کی شب کراچی میں ڈیفنس موڑ کے قریب اختر کالونی سگنل پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ملزم کے ساتھ ساتھ جائے وقوع پر موجود گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی 10 سالہ بچی امل بھی جاں بحق ہوگئی تھی جبکہ ایک ملزم جائے وقوع سے فرار ہوگیا تھا۔

ملزم خالد کے خلاف ڈکیتی اور پولیس مقابلے کا مقدمہ درج ہے—۔فائل فوٹو

جس کے بعد آرٹلری میدان تھانے کی پولیس نے ملزم خالد کو 25 ستمبر کو مقابلے کے بعد گرفتار کیا، جو رکشہ ڈرائیور اور ہجرت کالونی کا رہائشی ہے۔

ملزم خالد کے خلاف ڈکیتی اور پولیس مقابلے کا مقدمہ درج ہے۔

کراچی کی مقامی عدالت میں آج امل قتل کیس میں گرفتار ملزم خالد کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالت نے ملزم پر فرد جرم عائد کردی، تاہم اس نے صحت جرم سے انکار کیا۔

دوسری جانب عدالت نے 12 نومبر کے لیے کیس کے گواہوں اور تفتیشی افسر کو نوٹس بھی جاری کردیئے اور سماعت ملتوی کردی۔

مزید خبریں :