05 نومبر ، 2018
کراچی: سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق نیب ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں زمین کے گھپلوں سے متعلق کیس کی تفتیش کررہی ہے اور اس سلسلے میں سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو پوچھ گچھ کے لیے آج طلب کیا گیا تھا۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ قائم علی شاہ نے نیب حکام کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا ہے اور نیب کے تفتیشی افسر پر تحفظات کا بھی اظہار کیا ہے۔
قائم علی شاہ کا مؤقف ہے کہ نیب کے تفتیشی افسر انہیں ذاتی رنجش کا نشانہ بنارہے ہیں، وہ اس معاملے پر پہلے عدالت سے رجوع کریں گے اور پھر نیب میں پیش ہوں گے۔
نیب ذرائع کے مطابق ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق جو دو رپورٹیں پیش ہوئیں ان میں قائم علی شاہ کا نام نہیں تھا تاہم تیسری رپورٹ میں ان کا نام ہونے کی بناء پر تفتیش کے لیے طلب کیا گیا۔