پاکستان
Time 07 نومبر ، 2018

پاکستان یمن مسئلے کے سیاسی و پر امن حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا: وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان یمن مسئلے کے سیاسی و پر امن حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے یمن کے سفیر محمد مطاہر الشبی نے ملاقات کی اور اپنی حکومت کی طرف سے انہیں مبارکباد کا پیغام دیا۔

یمنی سفیر نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا اور وزیراعظم عمران خان کو یمن کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا جب کہ وزیراعظم نے یمنی قیادت کے نام پیغام میں یمنی بحران کے جلد خاتمے کے جذبات کا اظہار کیا۔

ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یمن بحران کا خاتمہ عالمی و خطے کی سلامتی کی کنجی ہے، پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کے جلد حل کا حامی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عبدالربوہ منصور ہادی کی جائز حکومت کی مکمل بحالی کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان یمن مسئلے کے سیاسی و پر امن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرےگا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یمن تنازع خطے کے امن وسلامتی کے لیے خطرہ ہے، مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، تمام پارٹیوں کو فوری طور پر مذاکراتی عمل شروع کرنا چاہیے اور یمنی عوام کی بحفاظت گھر واپسی کے لیے کوشش تیز کی جائے۔

واضح رہےکہ وزیراعظم نے دورۂ سعودی عرب کے بعد 24 اکتوبر کو قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان حوثی باغیوں اور یمن میں سعودی اتحاد کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں :