دنیا
Time 10 نومبر ، 2018

کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ سے 9 افراد ہلاک، 6 ہزار سے زائد گھر تباہ


امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک جبکہ 6 ہزار سے زائد گھر تباہ ہوگئے۔

دوسری جانب حکام نے ہالی وڈ کی کئی اہم شخصیات سمیت ڈیڑھ لاکھ افراد سے گھر خالی کرالیے ۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا میں 3 مختلف مقامات پر دو روز سے لگی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جاسکا، پولیس حکام کے مطابق جنگل میں لگی آگ آبادی کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

بیوٹے کاؤنٹی شیرف، کوری ہونیا کے مطابق شمالی کیلیفورنیا میں لگنے والی آگ نے علاقے کے 80 سے 90 فیصد گھروں کو اپنی لپیٹ میں لیا، جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 35 افراد لاپتہ ہیں۔

شدید آگ نے سیکڑوں گاڑیوں کو بھی جلا کر خاکستر کردیا—۔فوٹو/ بشکریہ سی این این

دوسری جانب قصبے پیراڈائز سے 26 ہزار افراد کو ہنگامی بنیادوں پرنقل مکانی کرنا پڑی جبکہ یہ قصبہ جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔

آگ نے اب تک کئی ہزار سے زائد مکانات، اسکولوں اور اسپتالوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ 

دوسری جانب لوگ سوشل میڈیا پر آگ سے ہونے والی تباہی کی ویڈیوز بھی پوسٹ کر رہے ہیں۔























ہالی وڈ شخصیات کے گھر بھی آگ کی زد میں

دوسری جانب ہالی ووڈ شخصیات کے محل نما گھر بھی آگ کی لپیٹ میں آرہے ہیں۔

آگ کے نتیجے میں دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں—۔فوٹو/ بشکریہ سی این این

کیٹ لین جینر کا گھر آگ کی نذر ہوگیا۔ کم کارڈیشن اور کےنائی ویسٹ کا گھر بھی شعلوں کی زد میں ہے۔

مشہور گلوکارہ لیڈی گاگا کا گھر بھی دھوئیں کے کالے بادلوں میں گھرا ہوا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فائر فائٹرز، پولیس اور ایمرجنسی سروسز کا بھی شکریہ ادا کیا۔


ہالی ووڈ اسٹار ول اسمتھ نے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کا گھر بھی تباہ ہونےکا خدشہ ہے۔ 

فلمساز اسکاٹ ڈیرکسن نے ٹوئٹر پر بتایا کہ ان کا گھر تباہ ہوچکا ہے، لیکن وہ اور ان کے اہلخانہ محفوظ ہیں۔



مزید خبریں :