19 نومبر ، 2018
بالی وڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کی صاحبزادی سارہ علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد کی بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان کے ساتھ دوسری شادی میں شرکت کے موقع پر ان کی والدہ امریتا سنگھ نے انہیں تیار ہونے میں مدد دی تھی۔
واضح رہے کہ سارہ، سیف علی خان اور ان کی پہلی اہلیہ امریتا سنگھ کی بیٹی ہیں جبکہ سیف علی خان کی دوسری اہلیہ کرینہ کپور خان سے ان کا ایک بیٹا تیمور علی خان ہے۔
سیف علی خان اور سارہ نے حال ہی میں کرن جوہر کے شو 'کافی وِد کرن' میں شرکت کی۔
شو کے دوران سیف علی خان کی کرینہ کپور سے دوسری شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے سارہ نے بتایا، 'میری والدہ نے مجھے میرے والد کی شادی میں شرکت کے لیے تیاری میں مدد دی، بہت سارے لوگوں کا خیال ہوگا کہ کرینہ عجیب ہیں یا میری والدہ عجیب ہیں، لیکن یہ سب بہت آرام دہ تھا۔ ہر کوئی میچور تھا اور یہ کوئی بہت بڑی بات نہیں ہے۔'
سارہ کے مطابق 'ہر کوئی مجھ سے اپنے تعلق کے بارے میں بہت واضح تھا۔ اس میں کوئی کشمکش نہیں تھی، کرینہ نے خود کہا کہ دیکھو تمہاری ایک بہت اچھی ماں ہے اور میں چاہتی ہوں کہ ہم دوستوں کی طرح رہیں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے والد نے بھی کبھی مجھ سے یہ نہیں کہا کہ 'یہ تمہاری دوسری والدہ ہیں' یا انہوں نے کبھی صورتحال کو میرے لیے غیر آرام دہ بنانے کی کوشش نہیں کی۔
سارہ کے مطابق وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ان کے والدین اپنی اپنی زندگیوں میں مگن ہیں اور اب ان کے '2 پرسکون گھر ہیں بجائے ایک غیر آرام دہ گھر کے'۔
اس موقع پر سیف علی خان نے بھی انکشاف کیا کہ کرینہ کپور سے شادی کے دن انہوں نے پہلی اہلیہ امریتا کے نام ایک نوٹ بھی لکھا تھا۔
سیف کے مطابق میں نے لکھا کہ 'زندگی کا ایک نیا باب شروع ہو رہا ہے اور یہ بھی کہ ہم نے ایک اچھا وقت گزارا ہے، پھر میں نے یہ نوٹ کرینہ کو دکھایا اور اسے آگے بھیج دیا، جس کے بعد سارہ نے مجھے فون کیا اور کہا کہ 'میں ویسے بھی شادی میں شریک ہو رہی تھی لیکن اب میں خوشی کے ساتھ آرہی ہوں'۔
واضح رہے کہ سیف علی خان نے اکتوبر 2012 میں کرینہ کپور سے دوسری شادی کی تھی۔