Time 23 نومبر ، 2018
پاکستان

لوئراورکزئی: بازار میں خودکش دھماکا، 33 افراد جاں بحق


ہنگو: لوئر اورکزئی کے علاقے کلایا بازار میں خود کش دھماکے میں 33 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لوئر اورکزئی کے علاقے کلایا بازار میں مقامی مدرسے کے گیٹ کے سامنے زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

کمشنر کوہاٹ ڈویژن کے مطابق موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑادیا اور اس کے نتیجے میں 33 افراد  جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

دھماکے سے کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے—۔جیو نیوز اسکرین گریب

زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی گئی، جنہیں طبی امداد کے لیے کوہاٹ اور پشاور کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر نواب کے مطابق دھماکے کے 2 زخمی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 33 ہوگئی۔

ڈاکٹر نواب کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 56 زخمی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ کمشنر کوہاٹ نے بتایا کہ دھماکے میں تین بچے اور تین سکھ تاجر بھی مارے گئے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق دھماکا پلانٹڈ تھا اور بارودی مواد کو ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریب کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے میں 8 کلوگرام کے قریب دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

مزید خبریں :