کھیل
Time 26 نومبر ، 2018

یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں 8 وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے

نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: فائل

دبئی: یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں زیادہ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں بھی یاسر شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں اور یوں وہ ایک دن میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستان بولر بھی بن گئے ہیں۔

یاسر شاہ نے کیویز کے خلاف جہاں اپنے کیرئیر کی شاندار بولنگ کی وہیں وہ ایک اننگز میں کم ترین رنز دے کر زیادہ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ مجموعی طور پر 31 ٹیسٹ میچز میں 181 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، ان کی بہترین کارکردگی میں 2 ٹیسٹ میچز میں 10،10 وکٹیں، 15 مرتبہ 5،5 وکٹیں اور 9 مرتبہ 4،4 وکٹیں لینا شامل ہے۔

اس سے قبل قادر خان نے 1987 میں انگلینڈ کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں 56 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کیں اور وہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔

سرفراز نواز بھی آسٹریلیا کے خلاف 1979 میں میلبرن اسٹیڈیم میں 86 رنز کے عوض 9 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

سابق کپتان عمران خان بھی ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں 8 وکٹیں حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں اور انہوں نے دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔

عمران خان نے 1982 میں سری لنکا کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں 58 رنز اور 1982 میں ہی بھارت کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں 60 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں۔

سکندر بخت نے 1979 میں بھارت کے خلاف 79 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید خبریں :