Time 27 نومبر ، 2018
پاکستان

جہانگیرترین کے صاحبزادے کی پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم خریدنے میں دلچسپی

پی ایس ایل فور کے ٹینڈر کے لئے باقاعدہ درخواست دینے کے لئے ابتدائی کام مکمل کر چکے ہیں، علی ترین۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ 

جیو نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے علی ترین نے تصدیق کی ہے کہ وہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے لیے فرنچائز خریدنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے پی سی بی ہیڈکوارٹر لاہور میں آفیشلز سے دو سے تین ملاقاتیں بھی کی ہیں۔

علی ترین نے کہا کہ وہ پی ایس ایل فور کے ٹینڈر کے لئے باقاعدہ درخواست دینے کے لئے ابتدائی کام مکمل کر چکے ہیں۔

دوسری جانب پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کے منیجر کی حیثیت سے کام کرنے والے عمران احمد خان نے جیو نیوز سے دبئی میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ علی ترین نے پی سی بی سے چھٹی ٹیم کے حوالے سے ضرور بات کی ہے، البتہ چھٹی ٹیم کے مالک کا فیصلہ ٹینڈر کے ذریعے ہوگا جو دسمبر کے پہلے ہفتے میں جاری کر دیا جائے گا۔

عمران احمد نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ ماہ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کے مالکانہ حقوق فروخت کردیے جائیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں شامل ہونے والی 'ملتان سلطان' 52 کروڑ میں فروخت ہوئی تھی، اس سال ڈرافٹ سے قبل پی سی بی کو بینک گارنٹی اور فرنچائز فیس نہ دینے کے باعث مالکانہ حقوق سے دست بردار ہو چکی ہے۔

جہانگیر ترین کے فرزند علی ترین اس عزم کا اظہار کرچکے ہیں کہ اگر انہیں پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم لینے کا موقع ملا تو وہ جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے حوالے سے اب بھی کام کر رہے ہیں اور اس اقدام کے بعد مزید بہتر انداز میں ڈومیسٹک سطح پر کھیل کے فروغ کے لیے بہت کچھ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مزید خبریں :