پاکستان
Time 30 نومبر ، 2018

ملک کے سات بڑے شہروں میں گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق

انسداد پولیو پروگرام کے مطابق پاکستان میں ایک بڑی تعداد پولیو کے مطروں سے محروم ہے۔ فائل فوٹو

اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت ملک کے سات بڑے شہروں میں سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔

پاکستان انسداد پولیو پروگرام نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں ملک کے 7 بڑے شہروں کے گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کا انکشاف کیا ہے۔

انسداد پولیو پروگرام کے مطابق کراچی، اسلام آباد، سکھر، لاہور، راولپنڈی، مردان اور پشاور میں سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس پایا گیا۔

یہ رپورٹ ملک بھر سے حاصل کیے گئے سیوریج کے پانی کے نمونوں کے تجزیوں سے تیار کی گئی ہے۔

قومی انسداد پولیو پروگرام کے حکام کا کہنا ہے کہ والدین کی آگاہی کے لیے پولیو وائرس کی تفصیلات جاری کی جا رہی ہیں۔

سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہونا انتہائی خطرناک ہے، یہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بچوں کی بڑی تعداد پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم ہے اور ان کے پولیو سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

انسداد پولیو پولیو پروگرام نے اپیل کی ہے کہ والدین 10 سے 13 دسمبر کو شروع ہونے والی ملک گیر انسداد پولیو مہم کامیاب بنائیں، اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین ضرور پلوائیں۔