04 دسمبر ، 2018
قومی ٹیم کے اوپنر محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے خلاف محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے تھے۔
پہلے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ 15 سال ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، اس سفرمیں جس جس نے میری رہنمائی کی اس کا شکر گزار ہوں، اپنے تمام ساتھی کھلاڑیوں، پی سی بی اور ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا امید کرتا ہوں پاکستان ٹیم مستقبل میں بہت اچھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گی۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے سلیکٹرز کو آگاہ کر دیا ہے کہ اپنی تمام تر توجہ محدود اووز کی کرکٹ پر مرکوز رکھنا چاہتا ہوں۔
محمد حفیظ نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کم بیک کیا تھا، سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انہوں نے 126 رنز کی اننگز کھیلی تھی لیکن پھر اس کے بعد سات ٹیسٹ اننگز میں مجموعی طور پر 66 رنز ہی بنا سکے۔
محمد حفیظ پاکستان کی جانب سے 54 ٹیسٹ میچز میں 38 اعشاریہ 35 کی اوسط سے 3644 رنز بنا چکے ہیں جس میں 10 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں محمد حفیظ کا سب سے زیادہ اسکور 224 رنز ہے۔ اس کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ میں محمد حفیظ 53 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔