16 دسمبر ، 2018
راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے بہادر والدین کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ملک میں سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی چوتھی برسی منائی گئی اور ملک بھر میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریبات منعقد کی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کے بہادر والدین کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم نے بہادری سے چیلنجز کا مقابلہ کیا اور اس کامیابی کیلئے بھاری قیمت چکائی ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمیں متحد اور پرعزم ہو کر پاکستان کو امن و خوشحالی کی حقیقی منزل تک لے جانا ہے اور پاکستان کی حقیقی منزل امن و خوشحالی ہے۔