آشیانہ اسکینڈل: شہبازشریف اور فواد حسن کیخلاف ضمنی ریفرنس تیار


اسلام آباد: آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم فراڈ کیس میں پراسیکیوٹر نیب نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ شہباز شریف اور فواد حسن فواد کے خلاف ضمنی ریفرنس تیار ہوچکا ہے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل کیس کے ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے شہباز شریف اور فواد حسن فواد کے خلاف ضمنی ریفرنس تیار کرلیا جس پر چیئرمین نیب کی جانب سے دستخط بھی کیے جاچکے ہیں۔ 

پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ شہباز شریف اور فواد حسن فواد کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنا باقی ہے۔

یاد رہے کہ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف اور فواد حسن فواد کو نیب نے گرفتار کر رکھا ہے۔

آشیانہ اسکینڈل 

نیب کے مطابق شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب آشیانہ اسکیم کے لیے لطیف اینڈ کمپنی کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر منسوخ کروا کے پیراگون کی پراکسی کمپنی 'کاسا' کو دلوا دیا۔

نیب کا الزام ہے کہ شہباز شریف نے پنجاب لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی (پی ایل ڈی سی) پر دباؤ ڈال کر آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا تعمیراتی ٹھیکہ ایل ڈی اے کو دلوایا اور پھر یہی ٹھیکہ پی ایل ڈی سی کو واپس دلایا جس سے قومی خزانے کو 71 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پی ایل ڈی سی پر دباؤ ڈال کر کنسلٹنسی کانٹریکٹ ایم ایس انجینئر کنسلٹنسی کو 19کروڑ 20 لاکھ روپے میں دیا جبکہ نیسپاک کا تخمینہ 3 کروڑ روپے تھا۔

مزید خبریں :