23 دسمبر ، 2018
لندن: وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ نیب میں میرے خلاف انکوائری بہت جلد ختم ہو جائے گی۔
زلفی بخاری کا پاکستان پریس کلب یوکے انٹرنیشنل کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ نیب قوانین میں تبدیلیوں اور تمام اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
لاہور کے کیمپ جیل میں دوران حراست انتقال کرنے والے سرگودھا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے سی ای او میاں جاوید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پروفیسر کی ہتھکڑیاں لگے ہلاکت افسوسناک واقعہ ہے۔
اپنے خلاف نیب میں انکوائری سے متعلق زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ بہت جلد نیب میں میری انکوائری ختم ہو جائے گی۔
اوور سیز پاکستانیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل وزیراعظم کے ایجنڈے میں سرفہرست ہیں۔
زلفی بخاری نے کہا کہ صرف پی ٹی آئی کا نہیں، سارے اوور سیز پاکستانیوں کا وزیر ہوں، وزیراعظم بھی تمام اوور سیز پاکستانیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہری شہریت والوں کے مسائل کے حل کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ موبائل فون کے لیے اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات درست ہیں، موبائل رجسٹریشن کے لیے ایئرپورٹ پر قطاریں لگنےکا نوٹس لیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانیز کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کا عمل آسان کر رہے ہیں، ذاتی استعمال کے موبائل فونز پر ٹیکس نہیں ہے۔