Time 27 دسمبر ، 2018
کھیل

سنچورین ٹیسٹ: دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 190 رنز پر ڈھیر

فخر زمان، اظہر علی اور اسد شفیق دوسری اننگز میں بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ فوٹو: کرکٹ جنوبی افریقا

سنچورین: جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی پاکستانی ٹیم 190 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

دوسری اننگز میں پاکستان نے اپنی بیٹنگ 42 رنز کی برتری سے شروع کی تو اوپننگ بلے باز فخر زمان صرف 12 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

فخر زمان کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد امام الحق نے شان مسعود کے ساتھ ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے ہوئے نصف سینچری اسکور کی تاہم 57 کے انفرادی اسکور پر امام الحق بھی اولیویئر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اظہر علی اور اسد شفیق دوسری اننگز میں بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، اظہر کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹے جب کہ اسد شفیق صرف 6 رنز ہی بنا سکے۔

کپتان سرفراز احمد پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی اپنا کھاتا نہ کھول سکے اور سلپ میں آسان کیچ دے کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد عامر بھی 12 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود 65 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ حسن علی 11 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے اور اس طرح پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا ہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے اولیوئیر نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

افریقا کی ٹیم 223 رنز پر ڈھیر ہوئی

پاکستان کے پہلی اننگز میں 181 رنز کے جواب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 223 رنز ہی بناسکی۔

دوسرے روز میزبان ٹیم نے 2 وکٹوں پر 127 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو ٹیمبا باووما 38 اور ڈیل اسٹین نے 13 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

کھیل کے پہلے ہی سیشن میں میزبان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی گئیں اور پوری ٹیم 223 رنز بناسکی جس کے بعد اسے پاکستان پر 42 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

پروٹیز کی جانب سے ٹمبا باووما 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ ڈیل اسٹین 23، ڈی کوک 45، مہاراج 4 اور کگیسو رابادا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شاہین شاہ آفریدی نے 4،4 جب کہ حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 181 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی اور بابر اعظم 71 رنز کے ساتھ نمایاں تھے۔

مزید خبریں :