سرفراز ‘پیئر' حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی وکٹ کیپر کپتان

سرفراز احمد

سرفراز احمد سنچورین ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہو کر راشد لطیف اور امتیاز احمد کے بعد پیئر حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی وکٹ کیپر کپتان ہیں۔

اس ٹیسٹ میں سرفراز دھوکا نہیں دیں گے،کا مفروضہ بھی غلط ثابت ہوگیا۔

یاد رہے کہ کرکٹ میں 'پیئر' حاصل کرنے کا مطلب کسی بھی کھلاڑی کو ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونا ہوتا ہے۔

جمعرات کوپاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اپنے ٹیسٹ کیئریئر میں پہلی بارمیچ میں پیئرپر آوٹ ہوئے۔ وہ چوتھے پاکستانی کپتان ہیں جو پیئر پر آوٹ ہوئے۔

حیران کن طور پر ان سے قبل پیئر حاصل کرنے والے کپتانوں میں دو وکٹ کیپر تھے۔

امتیاز احمد انگلینڈ کے خلاف ڈھاکا، راشد لطیف جنوبی افریقا کے خلاف پورٹ الزبتھ اور وقار یونس نے آسٹریلیا کے خلاف شارجہ میں دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔

سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹسمینوں کی خراب کارکردگی نے کپتان کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے اور بحیثیت کپتان خراب بیٹنگ فارم نے سرفراز احمد پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔

سابق کپتان رمیز راجا کہتے ہیں کہ سرفراز احمد کارکردگی دکھا کر ہی اس دباؤ سے باہر آسکتے ہیں، ان کی بیٹنگ تیکنیک کمزور ہے اور فاسٹ بولر کو جھک کر کھیلنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

کپتان سرفراز احمد پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی اپنا کھاتا نہ کھول سکے اور سلپ میں آسان کیچ دے کر آؤٹ ہوئے، اپنی بری فارم کی وجہ سے تنقید کا شکار کپتان سرفراز احمد ایک بار پھر ناکام رہے اور ایک غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے بنا کوئی رن بنائے سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلوسی بھی اس میچ کی پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔

مزید خبریں :