Time 06 جنوری ، 2019
پاکستان

ابوظہبی کے ولی عہد 3 روز سے پاکستان میں تھے، فواد چوہدری کا دعویٰ

— فوٹو: فواد چوہدری آفیشل 

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کے 3 روز سے پاکستان میں ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان آج پاکستان پہنچے تھے جہاں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ 

وزیراعظم کی جانب سے ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس کے بعد وہ آج ہی وطن واپس روانہ ہوئے۔ 

 ابوظہبی کے ولی عہد کے نور خان ائیر بیس پہنچنے سے لیکر وطن واپسی روانگی تک ان کے دورے کو سرکاری ٹی وی پر دکھایا گیا جب کہ حکومتی و وزیراعظم عمران خان کے سوشل میڈیا کے آفیشل پیجز سے بھی دورے کی پل پل کی کوریج کی گئی۔ 

لیکن اس سب کے باوجود وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حیران کن دعویٰ کیا ہے۔ 

فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ جس نے زندگی میں وزرات خارجہ نہیں دیکھی وہ بھی خارجہ پالیسی کا ماہر رپورٹر ہے کہ ابوظہبی سے دو گھنٹے کیلئے ولی عہد آئے اور چلے بھی گئے۔ 

اس کے بعد وہ آگے لکھتے ہیں کہ ولی عہد تین دن سے پاکستان ہیں اور آج واپسی اسلام آباد سے ہوئی ہے، تمام تفصیلات پہلے سے طے ہوتی ہیں، آج کا دورہ تسلسل میں ہے۔

اگلی ٹوئٹ میں وفاقی وزیراطلاعات نے لکھا کہ ابوظہبی نے افغانستان میں مذاکرات کیلئے کردار ادا کیا اور  ادائیگی کے توازن کیلئے جو ساتھ دیا اور اب عرب دنیا میں پاکستان جہاں کھڑا ہے، خبر سے پہلے کچھ تحقیق ہی کر لینی چاہئے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے بھی ابوظہی کے ولی عہد کے ایک روزہ دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد بن زید النیہان کا سرکاری دورہ ایک روزہ تھا جو کہ طے شدہ شیڈول کے تحت مکمل ہوا ہے۔

ٹوئٹ میں مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی دعوت پر ہونے والے اس سرکاری دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارت کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دو طرفہ تعاون کو نئی جہت ملے گی، وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے ولی عہد کا نور خان ائیربیس پر شاندار استقبال کیا گیا۔

ٹوئٹ میں کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان اور معزز مہمان نے نور خان ائیربیس سے وزیراعظم ہاؤس تک کا سفر ایک ہی کار میں کیا جسے وزیر اعظم چلا رہے تھے

وفاقی وزیر کے حیران کن دعویٰ کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا آغاز ہوگیا اور صارفین کی جانب سے طرح طرح کے تبصرے کیے جارہے ہیں۔

راجہ عاطف رزاق نامی صارف کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا، دبئی کے ولی عہد تین دن سے پاکستان میں تھے تو آخر عوام کو اس سے کیوں بے خبر رکھا گیا ان کی آخر ایسی کیا مصروفیات تھیں جو خفیہ رکھنا لازمی تھا؟

مزید خبریں :