کھیل
Time 13 جنوری ، 2019

جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا کڑا امتحان، جیت کیلئے مزید 228 رنز درکار

پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ سے بچنے کے لیے 381 رنز بنانے ہیں۔ فوٹو: کرکٹ جنوبی افریقا

جنوبی افریقا کی جانب سے دیئے گئے 381 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا لیے ہیں۔

جوہانسبرگ کے ونڈررز اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز امام الحق اور شان مسعود نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 67 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

گرین کیپس کو پہلا نقصان امام الحق کی صورت میں ہوا جو 35 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود بھی 37 رنز بنا کر ڈیل اسٹین ہی کا شکار بنے جب کہ آؤٹ آف فارم اظہر علی کو اولیوئیر نے 15 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔

تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا لیے تھے۔ اسد شفیق 48 اور بابراعظم 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

پاکستان کو میچ جیتنے اور ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش سے بچنے کے لیے مزید 228 رنز درکار ہیں اور اس کی 7 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

قبل ازیں میزبان ٹیم نے تیسرے روز 5 وکٹوں پر 135 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو ہاشم آملہ 42 اور کوئنٹن ڈی کوک 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

ہاشم آملہ کی اننگز کا خاتمہ 70 رنز پر ہوا جس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے ٹیمبا باووما 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

میزبان ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک نے شاندار کھیل پیش کیا اور 129 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 18 چوکے شامل تھے۔ 

فلینڈر 14، کگیسو رابادا 21 اور اولیوئیر ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور شاداب خان نے تین تین جب کہ محمد عامر 2 اور ایک ایک وکٹ حسن علی اور محمد عباس کے حصے میں آئی۔

یاد رہے کہ پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور اس سے قبل جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بناسکی تھی۔

مزید خبریں :