16 جنوری ، 2019
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور وزیراطلاعات فواد چوہدری سمیت 332 اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کردی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 1174 میں سے 839 اراکین نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں جب کہ 332 اراکین پارلیمنٹ اور سینیٹرز کی جانب سے تفصیلات جمع نہ کرانے پر ان کی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جن اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل ہوئی وہ قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکتے۔
اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر رکنیت معطل ہونے والوں میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی شامل ہیں جب کہ احسن اقبال، علی نواز اعوان، حسین الٰہی، عامر کیانی اور اختر مینگل کی بھی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔
ان کے علاوہ غلام بی بی بھروانہ، سینیٹر راحیلہ مگسی، سرفراز بگٹی، انوارالحق کاکڑ کی رکنیت معطل کردی گئی ہے جب کہ اثاثوں کی تفصیلات نہ دینے پر اراکین صوبائی اسمبلی بلال یاسین اور مجتبی شجاع الرحمان کی رکنیت بھی معطل کردی گئی ہے۔