07 فروری ، 2019
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے ٹیسٹ میں سامنے آئی بیماریوں کا علاج تو لال حویلی سے ہی نکل آئے گا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نواز شریف کے علاج کے لیے پنجاب حکومت نے باعزت طریقے سے میڈیکل بورڈ بنایا لیکن اسے ماننے سے انکار کردیا گیا، جب انہیں اسپتال لایا گیا تو آتے ہی بڑے گوشت کے کباب اور سموسوں سے تواضع کی گئی۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ آل شریف کا پاکستان میں دل نہیں لگ رہا، ہم پاکستان کے بہترین ڈاکٹر سے اور بہترین اسپتال میں ان کا علاج کرائیں گے،
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ مہینے سے آل شریف نے نواز شریف کو جیل سے نکالنے کا شور مچایا ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ علیم خان نے گرفتار ہو کر آل شریف کو تیسرا ٹیکا لگایا ہے، اس سے قبل اعظم سواتی نے استعفی دے کر آل شریف کو گولی دی لیکن اس سب کے باوجود شرم نہیں آتی۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ قمرالاسلام کی بات کرتے ہیں، پلے نہیں دھیلا اور دیکھنے چلے ہیں میلا'۔