Time 08 فروری ، 2019
پاکستان

'پاکستان سمندری حدود میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار'

پاک بحریہ کے کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل امجد خان نیازی—۔فوٹو/ بشکریہ پاک بحریہ

کراچی: پاک بحریہ کے کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل امجد خان نیازی کا کہنا ہے کہ سمندری حدود میں بھارتی سرگرمیوں کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

'امن مشق 2019' کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا کہ بھارت کی عمان، چاہ بہار، موریشس اور مالدیپ میں بندرگاہوں پر سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی بحریہ عمان کی پورٹ کے ساتھ جبکہ بحرہند ،گلف آف عمان، انڈونیشین ریجن جبکہ مناکا اسٹیٹ میں اپنی موجودگی ظاہر کر رہی ہے، ہم چاہ بہار اور دکم کے منصوبوں کو دو ملکوں کے درمیان صرف حالت امن کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں جبکہ حالت جنگ میں جغرافیائی صورتحال یکسر تبدیل ہوجاتی ہے۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ معاہدہ کرنے والے ملکوں سے بھی مثبت توقع رکھتے ہیں کیونکہ ہم کبھی بھی یہ نہیں چاہیں گے کہ اسلامی ممالک کے ساتھ اس معاملے پر دوریاں پیدا ہو۔

انہوں نے بتایا کہ پاک بحریہ نے بھی اپنے جنگی جہازوں اور ائیر فلیٹ سے گلف آف عمان میں آزادانہ طور پر ریجنل میری ٹائم پٹرولنگ شروع کردی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ امن مشق بھارت کے اُن ارادوں کے خلاف بھی مدافعتی عمل ہے، جس کے ذریعے وہ پاکستان کو دیوار سے لگانے کی مذموم سازش کر رہا ہے۔

 صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وائس ایڈمرل امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنی سمندری حدود کے باعث زیادہ اثاثوں اور فورس کی ضرورت ہے لیکن پاکستان اپنی بحری حدود اور وطن کی حفاظت کے لیے مضبوط دفاعی پالیسی پر گامزن ہے۔

مزید خبریں :