Time 08 فروری ، 2019
انٹرٹینمنٹ

بیٹی کے پردہ کرنے پر تنقید کرنے والوں کو اے آر رحمان کا جواب

اے آر رحمان اسٹیج پر اپنی صاحبزادی خدیجہ سے گفتگو کرتے ہوئے—. ویڈیو اسکرین شاٹ

مایہ ناز بھارتی گلوکار و موسیقار اے آر رحمان نے اپنی بیٹی خدیجہ کے پردہ کرنے پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ لباس کی آزادی ہر کسی کا اپنا انتخاب ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں اے آر رحمان کے آسکر ایوارڈ جیتنے کے 10 برس مکمل ہونے کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ان کی صاحبزادی خدیجہ نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے دوران جب ان کی صاحبزادی کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا تو انہوں نے حجاب اور نقاب پہن کر اسٹیج پر اپنے والد سے سوال جواب کیے۔

جب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو متعدد صارفین نے اے آر رحمان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں قدامت پسند اور تنگ نظر والد قرار دیا۔


کچھ صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اے آر رحمان کا اپنی ایک بیٹی کو حجاب کروانا اور دوسری کو نہیں سب دکھاوا ہے۔

جس کے جواب میں  اے آر رحمان نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس میں ان کی اہلیہ سائرہ بانو اور بیٹیاں خدیجہ اور رحیمہ بھارتی تاجر مکیش امبانی کی اہلیہ نیتا امبانی کے ساتھ کھڑی ہیں۔


تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کی اہلیہ سر پر دوپٹہ اوڑھے ہیں، بیٹی رحیما بغیر حجاب کے ہیں جبکہ خدیجہ مکمل حجاب اور نقاب کے ساتھ ہیں۔

اے آر حمان نے اس تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ میرے خاندان کی اہم خواتین، جنہیں اپنی پسند اختیار کرنے کی آزادی ہے۔  

بعدازاں خدیجہ نے بھی اپنے والد کی حمایت کرتے ہوئے فیس بک پر ایک پوسٹ شیئر کی اور تنقید کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا۔

خدیجہ نے لکھا، ’حال ہی میں میری والد کے ساتھ اسٹیج پر ہونے والی گفتگو گردش کر رہی ہے۔ میں نے اتنے والہانہ ردعمل کا تصور نہیں کیا تھا، لیکن کچھ ایسے تبصرے کیے گئے ہیں جن میں کہا گیا کہ میرے والد مجھے زبردستی حجاب کروا رہے ہیں اور وہ دوہرا معیار رکھتے ہیں، لیکن میں کہنا چاہوں گی کہ میں جس لباس کا بھی انتخاب کرتی ہوں اور جو کچھ بھی میں اپنی زندگی میں کرتی ہوں، وہ میری پسند ہے، اس میں میرے والدین کا کوئی عمل دخل نہیں ہے‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’پردہ کرنا میرا ذاتی فعل ہے، جسے میں مکمل طور پر اور اعزاز کے ساتھ تسلیم کرتی ہوں، میں ایک باشعور اور سمجھدار ہوں جو اپنی زندگی کے فیصلے کرنا جانتی ہوں‘۔

خدیجہ کی فیس بک پوسٹ کا عکس—۔

اے آر رحمان کی صاحبزادی نے مزید لکھا، ’ہر انسان کی اپنی پسند ہے کہ وہ کیا پہنے اور کیا نہیں اور یہ کہ وہ کیا کرنا چاہتا ہے اور یہی میں کر رہی ہوں تو گزارش ہے کہ بغیر سوچے سمجھے اور بغیر حالات کو جانے کوئی فیصلہ یا رائے قائم نہ کریں‘۔

آخر میں خدیجہ نے ہیش ٹیگ میں #freedom of choice لکھ کر واضح کیا کہ ہر ایک کو انتخاب کی آزادی ہے۔

دوسری جانب صارفین نے بھی خدیجہ کی اس پوسٹ کو سراہتے ہوئے ان کی بات کو درست قرار دیا اور کہا کہ ہر ایک کو اپنی زندگی اپنی مرضی سے جینے کی آزادی ہے۔

مزید خبریں :