پاکستان
Time 12 فروری ، 2019

حج پالیسی 2019 جاری: بغیر قربانی اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار سے زائد ہوں گے

حج درخواستوں کی قرعہ اندازی 8 مارچ ہوگی، قربانی کے اخراجات 19 ہزار 451 روپے الگ ادا کرنا ہوں گے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2019 جاری کر دی جس کے لیے درخواستیں 25 فروری سے 6 مارچ تک وصول کی جائیں گی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق رواں سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کر سکیں گے، سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار اور نجی اسکیم میں 71610 افراد حج کریں گے۔

حج پالیسی 2019 کے لیے شمالی ریجن کے لیے حج اخراجات بغیر قربانی 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے ہوں گے جب کہ جنوبی ریجن کے لیے بغیر قربانی 4 لاکھ 26 ہزار 975 روپے اخراجات ہوں گے۔

حج پالیسی کے مطابق قربانی کے اخراجات 19 ہزار 451 روپے الگ ادا کرنا ہوں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج قرعہ اندازی میں تین سال سے ناکام رہنے والوں کے لیے 10 ہزار کوٹہ مختص ہے جب کہ 80 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے بھی 10 ہزار حج کوٹہ مختص ہے۔

حج درخواستوں کی قرعہ اندازی 8 مارچ ہوگی۔

مزید خبریں :