Time 18 فروری ، 2019
انٹرٹینمنٹ

بھارت نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کردی


مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے میں 45 سے زائد بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر بے سرو پا بیانات سامنے آرہے ہیں۔اب ان ہی بیانات میں آل انڈیا سنیما ورکرز کے اعلان کا اضافہ ہوگیا ہے۔

 انڈیا کی سینما انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں اور دیگر تمام عملے پر مشتمل آل انڈیا سِنے ورکرز ایسوسی ایشن نے پلوامہ حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں اور اداکاروں پر مکمل طور پر پابندی لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

اس حوالے سے ایسوسی ایشن نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے۔ جس میں لکھا گیا ہے کہ 'پلوامہ حملےکی شدید مذمت کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کی تمام ہمدردیاں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں'۔

اعلامیے میں مزید لکھا گیا ہے کہ 'سرکاری طور پرفلم انڈسٹری میں تمام پاکستانی فنکاروں پر مکمل طور پر پابندی لگادی گئی ہے۔اس پابندی کے باوجود اگر کوئی ادارہ  پھر بھی پاکستانی فنکاروں کو کام دینا چاہے گا تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔'

بھارتی اداکار اجے دیوگن نے بھی اسی روش کو اپناتے ہوئے ٹوئٹر پر اعلان کیا ہے کہ 'موجودہ صارتحال میں 'ٹوٹل دھمال' کی پوری ٹیم نے فلم کو پاکستان میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے'۔

اسکرین شارٹ

فلم ٹوٹل دھمال کی کاسٹ اور کریو نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کے خاندانوں کے لیے 50 لاکھ روپے بھی دیے ہیں۔

مزید خبریں :