21 فروری ، 2019
نئی دہلی: سعودی عرب نے بھارت میں 100 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
بھارت کے دورے پر موجود سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر انہوں نے آئندہ 2 سال کے دوران بھارت میں 100 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان 5 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
سعودی عرب بھارت میں 5 شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا جس میں انفرااسٹرکچر، ٹورازم، ہاؤسنگ، براڈکاسٹنگ اور انویسٹمنٹ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی ولی عہد نے پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا جس کے دوران سعودی عرب نے پاکستان میں 20 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔
سعودی ولی عہد دورہ بھارت مکمل کرنے کے بعد چین پہنچ گئے جہاں وہ دو روز قیام کے دوران چینی حکام اور چینی صدر سے ملاقاتیں کریں گے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان چین کے بعد جنوبی کوریا بھی جائیں گے۔