23 فروری ، 2019
کراچی میں مبینہ طور پر جرگہ کے حکم پر لڑکے اور لڑکی کے قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے جس کا کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تین روز قبل سرجانی تھانے کی حدود حب ڈیم کے قریب سے ایک لڑکے اور لڑکی کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں تھیں جنہیں گلے پر وار کرکے قتل کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین میں سے لڑکے کی شناخت 25 سالہ نصیب زر خان کے نام سے ہوئی تھی جب کہ لڑکی کی شناخت بی بی دختر واحب سر کے نام سے کی گئی اور دونوں مومن آباد کے علاقے میٹروول کے رہائشی تھے۔
لڑکا نصیب زر جولائی میں گھر میں جھگڑا کرکے چلا گیا تھا جس کے ایک ماہ بعد اگست میں لڑکی بھی لاپتہ ہوگئی تھی۔
پولیس کے مطابق دونوں کا آبائی تعلق کالا ڈھاکہ خیبر پختونخواہ سے ہے، دونوں کے غائب ہونے کے بعد جرگہ بلایا گیا اور اس میں مبینہ طور پر دونوں کو قتل کرنے کا فیصلہ ہوا۔
پولیس کے مطابق دونوں کے اہلخانہ نے مقتولین کی گمشدگی کا مقدمہ درج نہیں کروایا۔ لڑکی کے ورثاء گھر کو تالا لگا کر غائب ہیں۔
دونوں کے قتل کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے جس میں کاروکاری کی دفعات شامل ہیں تاہم پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔