کراچی: جعفرطیار سوسائٹی میں 3 منزلہ عمارت گر گئی، 3 افراد جاں بحق


کراچی: ملیر کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی میں 3 منزلہ عمارت گرنے سے گھر کے مالک اور ان کی اہلیہ سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 4 زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا گیا۔

ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے تین منزلہ رہائشی عمارت کے گرنے کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔ 

حادثے کی اطلاع ملنے پر ایدھی رضا کار اور رینجرز اہلکار بھی موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

حادثے میں عمارت کے مالک حسن عباس اور ان کی اہلیہ سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ مالک مکان کے بیٹے سمیت 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ملبے سے نکال کر طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہےکہ 3 منزلہ رہائشی عمارت میں 4 خاندان رہائش پذیر تھے۔

متاثرہ مقام پر ریسکیو اداروں کے ساتھ ساتھ پاک فوج بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے جب کہ جائے حادثہ پر ہیوی مشینری کے ذریعے ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔

’تجاوزات کے خلاف آپریشن سے عمارت کی بنیادیں کمزور ہوئیں‘

گھر کے مالک حسن عباس کے کزن کا دعویٰ ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران گھر کے سامنے کا حصہ توڑا گیا تھا جس سے عمارت کی بنیادیں کمزور ہوگئی تھیں۔

100 گز کے پلاٹ کی پرانی بنیادوں پر مزید تعمیرات کی گئی تھیں، ایس بی سی اے

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے ابتدائی رپورٹ میں کہا ہے کہ 100 گز کے پلاٹ کی پرانی بنیادوں پر مزید تعمیرات کی گئی تھیں اور کارنر پر ہونے کی وجہ سے عمارت کو روڈ کی طرف سے سپورٹ نہیں تھی جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تجاوزات گرانے کے بعد مالک مکان عمارت کو مضبوط بنانے پر کام کررہا تھا تاہم حتمی رپورٹ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد مرتب کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رہائشی عمارت کے گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی اور کمشنر کراچی کو متاثرہ مقام پر پہنچنے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں :