28 فروری ، 2019
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت سے نمٹنے کیلئے پاک فضائیہ اور بحریہ بھی مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ میں اضافہ ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کوٹلی، کھوئی رٹہ، تتہ پانی سیکٹرز میں بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کسی بھی بھارتی جارحیت سے نمٹنے کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاک فوج کے دستے ہائی الرٹ ہیں جب کہ پاک فضائیہ اور پاک بحریہ بھی مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی طیاروں نے پیر اور منگل کی درمیانی شپ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر ایمونیشن گرا کر فرار ہوئے جس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اگلے ہی روز پاک فضائیہ نے دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا۔