بالاکوٹ حملے کے مقام کی سٹیلائٹ تصاویر منظرعام پر، بھارتی دعوے جھوٹ نکلے


بالاکوٹ حملے کے مقام کی مواصلاتی سیارے (سٹیلائٹ) کی تصاویر منظر عام پر آگئیں جس نے بھارتی دعووں کی قلعی کھول دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹر کے مطابق سین فرانسسکو کی نجی سٹیلائٹ آپریٹر کمپنی 'پلینیٹ لیب' نے اس مقام کی تصاویر جاری کیں جس کے بارے میں بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے فضائی کارروائی کر کے 300 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق مواصلاتی سیارے کی تصویروں میں فضائی کارروائی میں ہونے والی تباہی کے آثار نہیں ملے۔

رپورٹ کے مطابق مواصلاتی سیارے کی تصاویر میں 6 عمارتوں کو دیکھا جاسکتا ہے جن کی چھتوں میں کوئی سوراخ یا جلنے کا کوئی نشان موجود نہیں اور نہ ہی عمارتوں کی دیواروں کو دھماکوں سے کسی بھی نقصان کے آثار موجود ہیں۔

رائٹر نے اپنی رپورٹ میں کہا 'بھارت کی جانب سے جن ہتھیار کے استعمال کا دعویٰ کیا گیا تھا اس سے بھاری بھرکم عمارتیں تباہ ہوسکتی ہیں تاہم تصویروں میں نظر آنے والے شواہد سے ایسا ثابت نہیں ہوا'۔

 تصویروں میں نظر آنے والے شواہد سے تباہی کے آثار نہیں ملے، خبر ایجنسی۔ فوٹو: رائٹر

خبر ایجنسی نے کہا کہ انہوں نے مواصلاتی سیارے کی تصاویر پر بھارتی جواب حاصل کرنے کے لیے بھارتی وزارت خارجہ اور دفاع سے بذریعہ ای میل رابطہ کیا تاہم اس کا بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

خبر ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں رائٹرز کے نمائندوں نے بھی بالاکوٹ کا دورہ کیا جس کے دوران مقامی لوگوں سے بات چیت کی گئی جس میں بھارتی دعووں کی نفی ہوئی۔

یاد رہے کہ 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب بھارتی طیارے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر ایمونیشن گرا کر فرار ہوگئے تھے جس کے بعد بھارت نے واویلا شروع کردیا تھا کہ اس نے پاکستانی حدود میں کارروائی کے دوران 300 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاکستان نے بھارتی کارروائی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اگلے ہی روز دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کیا جسے بعدازاں جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارتی حکام کے حوالے کیا۔

مزید خبریں :