08 مارچ ، 2019
بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فوجی ٹوپیاں پہن کر جینٹلمین گیم کو سیاست کی نذر کرنے کی کوشش کی گئی جس پر پاکستان کی جانب سے بھی دو ٹوک مؤقف سامنے آیا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف رانچی میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں بھارتی ٹیم کے کھلاڑی فوج کی کیمو فلاج ٹوپیاں پہن کر میدان میں اترے۔
بی سی سی آئی کے مطابق بھارتی کھلاڑیوں نے ٹوپیاں پلوامہ میں بھارتی فوج پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پہنیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کے مطابق بھارتی ٹیم نے ایسا آئی سی سی سے پیشگی اجازت کے بعد کیا اور ایسا کرنے سے آئی سی سی کے قواعد کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔
بھارتی ٹیم کی اس حرکت پر پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا سخت ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔
فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ صرف کرکٹ نہیں ہے، امید کرتا ہوں آئی سی سی جینٹلمین گیم کو سیاست کی نذر نہیں ہونے دے گی اور بھارتی ٹیم کے خلاف ایکشن لے گی۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم باز نہ آئی تو پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے سیاہ پٹیاں پہننی چاہئیں۔
وفاقی وزیر نے کہا پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی کہ اس معاملے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے۔