محکمہ داخلہ پنجاب نے بلاول کو نوازشریف سے ملاقات کی اجازت دے دی

—فائل فوٹو

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سابق وزیراعظم نوازشریف سے جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی درخواست منظور کرتے ہوئے نوازشریف سے جیل میں ملاقات کی اجازت کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

اجازت ملنے کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی پیر کو سابق وزیراعظم سے ملیں گے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے پیپلزپارٹی کی درخواست پر احکامات جاری کیے۔

بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ قمر زمان کائرہ، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور جمیل سومرو نوازشریف سے جیل میں ملاقات کریں گے۔

اس سے قبل پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب کو آج درخواست دی تھی جو پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ نے صوبائی محکمہ داخلہ کو جمع کرائی۔

بلاول بھٹو کی درخواست کا عکس

بلاول بھٹو کی درخواست میں محکمہ داخلہ سے نوازشریف سے ملاقات کے لیے اجازت مانگی گئی تھی۔

درخواست میں کہا گیا تھاکہ بلاول بھٹو آج ہی نوازشریف سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، پی پی چیئرمین کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے صحت سے متعلق دریافت کریں گے۔

واضح رہےکہ بلاول بھٹو زرداری نے اس سے قبل بھی نوازشریف کی صحت سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا تھا اور حکومت سے انہیں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید خبریں :