Time 24 مارچ ، 2019
پاکستان

وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے 2 نوعمر ہندو لڑکیوں کے اغوا کا نوٹس لے لیا

پاکستان میں اقلیتیں ہمارے جھنڈے کا سفید رنگ ہیں اور ہمیں اپنے تمام رنگ عزیز ہیں، وزیراعظم۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے 2 نو عمر ہندو لڑکیوں کے اغوا کا نوٹس لے لیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ دو ہندو لڑکیوں کو سندھ سے اغوا کر کے رحیم یار خان منتقل کیا گیا ہے جس کا وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کو ہدایت جاری کردی ہیں۔

فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور اگر ایسا ہے تو بچیوں کو بازیاب کرایا جائے۔

وزیراعظم نے سندہ اور پنجاب حکومت کو یہ بھی ہدایت کی کہ اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں اور سندہ حکومت ایسے واقعات کے تدارک کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتیں ہمارے جھنڈے کا سفید رنگ ہیں اور ہمیں اپنے تمام رنگ عزیز ہیں اور اپنے پرچم کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔

مزید خبریں :